ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ امریکی حکام نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی صدر پوتن سے ایران اور امریکاکے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی تھی۔انھوں نے بتایا کہ ایران نے8 ماہ سے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے قطر کے ذریعے امریکا کو 7 نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے، اب ایران امریکی جواب کا منتظر ہے اور اب گیند امریکا کے کورٹ میں ہے۔
ایرانی اسپیکر کا کہنا تھاکہ شرائط میں امریکی بحری ناکا بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی واپسی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان شامل ہیں۔ باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا طے شدہ نکات کی پابندی کرے اور ایسے مطالبات سے گریز کرے جو بداعتمادی بڑھاتے ہیں تو معاہدہ ممکن ہے، لیکن ایران کو اب بھی واشنگٹن پر اعتماد نہیں۔ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ سے پہلے والی حیثیت میں واپس نہیں آئے گی جبکہ ایران اور عمان اس اہم آبی گزرگاہ کی نگرانی کے حوالے سے نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔
باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ امریکا نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی تو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔یمن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کسی بیرونی فریق کویمن تنازع میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے اگر سعودی اور یمن حکومت دونوں ایران سے مدد طلب کرتی ہیں توایران تنازع کے حل میں معاونت کیلئے تیار ہو گا۔





