پشاور: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات سے چترال بھر میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو رہی ہے۔ لواری ٹنل، کالاش ویلیز، مڈک، لشٹ، گبور، بگوشٹ اور بالائی چترال کے کئی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔
بارانی علاقوں میں گندم کی بوائی کے لیے موسم انتہائی سازگار ہوگیا اور کاشت کار میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔چترال میں سردی سے بچنے کے لیے سوختنی لکڑی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں سوختنی لکڑی کی قیمت میں 300 سے 500 روپے فی من اضافہ ہوگیا۔
ادھر، گیس سلنڈر بھی نایاب ہوگیا، فی کلو گیس 650 سے 700 روپے پر فروخت ہو رہی ہے۔ شدید سردی میں لوگوں کو خوراک کے ساتھ لکڑی اور مہنگی گیس کا بھی سامنا ہے۔صوابی کے مختلف علاقوں تور ڈھیر، جلبئی اور دیگر مضافات میں بھی رات گئے ژالہ باری اور ہلکی بارش ہوئی۔ ژالہ باری کے باعث کچی سبزیوں، آلو کی فصلوں سمیت سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔





