موسم سرما کے لیے گیس لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول آگیا، جس کے تحت صارفین کو 3 مخصوص اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی۔سردیوں میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) صارفین کو دن میں 3 وقت گیس فراہمی کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ ایس این جی پی ایل پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قدرتی گیس کی ترسیل اور تقسیم کا کام کرنے والا مرکزی ادارہ ہے۔
ترجمان کے مطابق گھریلو صارفین کو 24 گھنٹے میں صرف 8 گھنٹے قدرتی گیس دستیاب ہوگی، صبح6:30 سے 9بجے، دوپہر12 سے2:30بجے اور شام6بجے تا9 بجے گیس فراہم کی جائے گی۔دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے گھریلو گیس صارفین کے لیے فراہمی کا شیڈول مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ سوئی سدرن نے گیس فراہمی کے اوقات میں کمی کرتے ہوئے نیا شیڈول جاری کر دیا، جس پر فوری عمل درآمد بھی شروع ہو گیا ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق گھریلو صارفین کو 24 گھنٹوں میں صرف 8 گھنٹے کھانا پکانے کے اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی۔ صبح 6 بج کر 30 منٹ سے 9 بجے تک، دوپہر 12 بجے سے ڈھائی بجے تک اور شام 6 بجے سے رات 9 بجے تک گیس دستیاب ہوگی۔
سوئی سدرن ذرائع کے مطابق ایل این جی کی قلت اور سردیوں میں گیس کی طلب دگنی ہونے کے باعث لوڈ مینجمنٹ سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال نے ایندھن کی فراہمی کو بھی متاثر کیا ہے۔ماہرین کے مطابق قدرتی گیس کے متبادل ایل پی جی کی قیمتیں بھی بلند ترین سطح پر ہیں، جس کے باعث رواں موسمِ سرما میں صارفین کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔





