Roze News

غیر قانونی مہاجرین کے خلاف یکم نومبر سے صوبہ بھر میں آپریشن شروع کرنے کی تیاریاں مکمل

غیر قانونی مہاجرین کے خلاف یکم نومبر سے صوبہ بھر میں آپریشن شروع کرنے کی تیاریاں مکمل

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

 خیبر پختونخوا میں غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین کے خلاف یکم نومبر سے بڑے پیمانے پر کارروائیوں کے آغاز کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ پشاور کی اہم شاہراہوں پر پولیس اور سکیورٹی اداروں کے مشترکہ ناکوں کے ذریعے گرفتاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پشاور کے بازاروں، رہائشی علاقوں اور مختلف کاروباری مراکز میں غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین کے خلاف کارروائیوں کے لیے پولیس کے ساتھ حساس اداروں کے اہلکار بھی حصہ لیں گے۔ اس حوالے سے مختلف علاقوں میں موجود افغان مہاجرین کی تفصیلات جمع کرکے کنٹرول روم کو فراہم کردی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے والے افغان مہاجرین کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ کرائے کے مکانات میں رہائش پذیر اور مختلف کاروباروں سے وابستہ افراد کی تفصیلات بھی مرتب کی گئی ہیں۔ نشاندہی کیے جانے والوں میں بعض افغان تاجر رہنما بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔

دوسری جانب مہاجرین کے ساتھ رشتہ داری رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو بھی نوٹسز جاری کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین کے خلاف سخت کارروائیوں کی منظوری دی جاچکی ہے۔

حکام کی جانب سے یکم نومبر سے صوبے بھر میں کارروائیوں کے آغاز کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ پشاور میں اہم شاہراہوں پر مشترکہ ناکوں اور نگرانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

آپریشن کے دوران غیر قانونی شناختی دستاویزات، رہائش اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق معاملات بھی زیرِ تفتیش آنے کا امکان ہے۔