چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ کیوبا کی ناکہ بندی اور اس پر دباؤ ڈالنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔ سی جی ٹی این کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو چھونگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں’’ کیوبا کے خلاف امریکہ کی اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی ناکہ بندی کے خاتمے کی ضرورت ہے‘‘ کے موضوع پر مباحثے کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے کیوبا پر غیر قانونی اقتصادی ناکہ بندی اور یکطرفہ اقتصادی پابندیاں 60 سال سے جاری ہیں اور اب بھی ان میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ’’کیوبا کیخلاف امریکہ کی اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی ناکہ بندی کے خاتمے کی ضرورت ہے‘‘ کے معاملے پر مسلسل 34 مرتبہ بحث ہو چکی ہے لیکن متعلقہ قراردادوں پر آج تک عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
’’اے پی پی ‘‘ کے مطابق چینی ترجمان نے کہا کہ چین ایک بار پھر امریکہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کیوبا کی ناکہ بندی اور اس پر دباؤفوری طور پر ختم کرے۔ کیوبا کے خلاف امریکہ کی اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی ناکہ بندی ختم کرنے سے متعلق قرارداد پر فوری عمل درآمد کیا جانا چاہیے۔ ہر ملک کو اپنے قومی حالات کے مطابق سماجی نظام اور ترقی کا راستہ آزادانہ طور پر منتخب کرنے کا حق حاصل ہے۔ کیوبا کے مستقبل اور تقدیر کا فیصلہ صرف کیوبا کے عوام ہی کر سکتے ہیں۔





