ماسکو: روس اور یوکرین نے خیرسون ریجن کے شہر الیوشکی میں انسانی امداد کی فراہمی اور شہریوں کے محفوظ انخلا کے لیے مقامی سطح پر جنگ بندی کے انتظامات پر اتفاق کیا ہے۔روسی انسانی حقوق کی کمشنر یانا لانتراٹووا کے مطابق دونوں ممالک طے شدہ معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم میکس پر جاری بیان میں یانا لانتراٹووا نے بتایا کہ انہوں نے یوکرین کے انسانی حقوق کے کمشنر دمتری لوبینیتس کے ساتھ الیوشکی میں مجوزہ انسانی مشن کے انتظامات پر بات چیت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہونے والی کارروائیوں سے متعلق تمام معاملات پہلے سے طے شدہ انتظامات کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں فریق اپنے وعدوں کی پاسداری کر رہے ہیں۔اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے جمعے کے روز اعلان کیا تھا کہ روس اور یوکرین نے الیوشکی میں محدود علاقے کے لیے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، جس کا مقصد متاثرہ شہریوں تک انسانی امداد پہنچانا اور محفوظ راستے کے ذریعے ان کے انخلا کی تیاری کرنا ہے۔
امریکی انتظامیہ کے مطابق یہ مقامی جنگ بندی 29 اکتوبر سے نافذ ہوگی، جس کے دوران دونوں ممالک الیوشکی میں فوجی کارروائیاں روکیں گے تاکہ خوراک، ادویات اور دیگر ضروری امدادی سامان متاثرہ آبادی تک پہنچایا جا سکے۔وائٹ ہاؤس نے مزید بتایا کہ ایک آزاد امریکی میڈیا ادارہ اس انسانی مشن میں معاونت کرے گا اور روس اور یوکرین کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو دستاویزی شکل دے گا۔
دوسری جانب روسی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل والیری گیراسیموف نے اعلان کیا ہے کہ روسی فوج خیرسون کے محاذ پر الیوشکی کے قریب انسانی ہمدردی کی کارروائی کے لیے 27 اکتوبر کو ماسکو کے وقت کے مطابق صبح 4 بجے سے مقامی جنگ بندی نافذ کرے گی۔





