ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ افزودہ یورینیم کا ایک ذرہ بھی ملک سے باہر نہیں جائے گا۔ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے سوشل میڈیا پر اپنےبیان میں کہا کہ جب تک امریکا اعتماد کی بحالی کے لیے عملی اقدامات نہیں کرتا،کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، اعتماد سازی کے لیے امریکا کو ایران کی تمام شرائط پر مکمل عمل درآمد سے اقدامات کا آغاز کرنا ہوگا۔
محسن رضائی اس سے قبل بھی ایران کے افزودہ جوہری مواد کو قومی اثاثہ قرار دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مواد کو ملک کے اندر استعمال کے لیے محفوظ رکھا گیا ہے۔دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ امن معاہدہ طے کرنا انتہائی مشکل ہے،جب تک تہران آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانا بند نہیں کرتا، واشنگٹن ایران پر اقتصادی دباؤ برقرار رکھے گا۔
امریکی وزیرِخارجہ نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور تہران پر زور دیا ہے کہ وہ یہ حملے بند کرے۔





