Roze News

جارحیت کا بھرپور جواب دینگے،ایران

جارحیت کا بھرپور جواب دینگے،ایران

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

تہران: ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اب حملہ کرکے بچ نکلنے کا دور ختم ہوچکا، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور حملہ آور کا پیچھا کیا جائے گا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ماضی میں معاہدوں اور وعدوں کی خلاف ورزی اعتماد کے فقدان کی بڑی وجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے باوجود ایران سفارتی کوششوں سے دستبردار نہیں ہوا اور مذاکرات کو اہمیت دیتا ہے۔اسماعیل بقائی نے کہا کہ مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہونے چاہئیں اور ان کے لیے ٹھوس ضمانتیں ضروری ہیں۔ امریکا کو اپنے کردار سے ثابت کرنا ہوگا کہ وہ معاہدوں اور وعدوں کی پاسداری کرے گا۔

ایرانی ترجمان کے مطابق ایران پہلے بھی عملی طور پر ثابت کرچکا ہے کہ کسی حملہ آور کو جواب دیے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا، بلکہ ضرورت پڑنے پر اس سے زیادہ سخت ردعمل دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی اور مذاکرات کے ذریعے سفارتی پیش رفت میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکی مطالبات ہیں۔ ایران نے اپنے تحفظات اور شرائط قطر کے ذریعے امریکا تک پہنچا دی ہیں، تاہم امریکی جواب ناکافی ہے۔