عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بدھ کو ایک ڈالر سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات اور امریکا میں خام تیل و دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر میں کمی نے قیمتوں کو سہارا دیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بدھ کو گرینچ معیاری وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 50 منٹ پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.59 ڈالر، یعنی 1.5 فیصد اضافے کے بعد 110.38 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 1.36 ڈالر، یعنی 1.4 فیصد بڑھ کر 99.18 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔اس سے ایک روز قبل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی تھی۔ اس وقت ایران کے صدر کی جانب سے تہران میں پاکستان کے آرمی چیف سے ملاقات کے دوران ثالثی کی کوششوں پر گفتگو کی خبر سامنے آئی تھی۔
اس سے پہلے برینٹ خام تیل کی قیمت پانچ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد نیچے آگئی تھی۔ ڈی بی ایس کے سربراہ برائے توانائی تحقیق سوورو سرکار کے مطابق گزشتہ چند تجارتی سیشنز کے دوران تیل کی قیمتوں میں خاصا اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی عالمی توانائی کی منڈی کے لیے اہم خطرہ بنی ہوئی ہے، کیونکہ خطے میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ سے تیل کی عالمی رسد متاثر ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب امریکا میں ذخائر میں کمی بھی قیمتوں میں اضافے کا ایک اہم سبب بن رہی ہے۔





