پاکستان تازہ ترین

سہیل آفریدی لانگ مارچ کی قیادت کیلئے لکی مروت روانہ،2 کالے بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا

سہیل آفریدی لانگ مارچ کی قیادت کیلئے لکی مروت روانہ

 

پشاور:حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی ناکامی اور ڈیڈ لاک کے بعد خیبرپختونخواہ کے وزیرِ اعلیٰ محمد سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہاؤس سے خصوصی دعا کے بعد لکی مروت کے گنڈی چوک کے لیے روانہ ہو گئے۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمد سہیل آفریدی گنڈی چوک لکی مروت کے لیے روانہ ہوچکے ہیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی گنڈی چوک لکی مروت سے لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔

دوسری طرف سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور بھی لانگ مارچ میں شرکت کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان سے چل پڑے ہیں، روانگی سے قبل ایک دلچسپ اور روایتی منظر بھی دیکھنے میں آیا جہاں سابق وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور نے لانگ مارچ کی کامیابی اور سلامتی کے لیے دو کالے بکروں کا صدقہ دیا۔

 

اس موقع پر علی امین گنڈا پور نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جس کو جو ذمہ داری دی ہے، ہم سب کا فرض ہے کہ اس پر من و عن عمل کریں، جو پالیسی اور احکامات پارٹی کے مشران اور وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے دیے ہیں، میں انہیں لفظ بہ لفظ دہرا رہا ہوں کہ پہلے 27 تاریخ دی گئی تھی تب بھی پارٹی تیار تھی، اور اب 4 تاریخ ہے تب بھی کارکنان ہر طرح سے تیار ہیں، جہاں جانے کا حکم ہوگا، سب اسی پر عمل کریں گے۔

لانگ مارچ کو مکمل طور پر پرامن رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے سخت تنبیہ جاری کی کہ کوئی بھی کارکن اپنے ساتھ ڈنڈا، پتھر، غلیل یا قانون کو ہاتھ میں لینے والی کوئی بھی چیز نہیں لائے گا، ڈنڈا یا غلیل لانے والا شخص ہم میں سے نہیں ہے، کوئی بندہ پتھراؤ نہیں کرے گا اور جو تصادم یا لڑائی جھگڑا کرے گا، اسے خود پکڑیں، روکیں اور سزا دیں، جو شخص راستہ بند کرے گا یا قانون ہاتھ میں لے گا، وہ بھی تحریکِ انصاف کا حصہ نہیں مانا جائے گا۔

 

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field