پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز کے لندن دورے پر پنجاب حکومت کا کوئی سرکاری خرچ نہیں ہوا اور دورے کے تمام اخراجات انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے۔
عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں لندن دورے کے سرکاری اخراجات سے متعلق گردش کرنے والی خبروں اور قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے دورے کے اخراجات ذاتی طور پر برداشت کیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز حال ہی میں اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن گئی تھیں۔ دورے کے دوران ان کے سفری اخراجات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف دعوے سامنے آئے، جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے سرکاری وسائل کے استعمال پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔
اس سے قبل بعض میڈیا رپورٹس میں نجی طیارے کے اخراجات کے حوالے سے مختلف اعداد و شمار بھی سامنے آئے تھے، تاہم اب پنجاب حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس دورے کا خرچ صوبائی خزانے سے نہیں کیا گیا۔
مریم نواز لندن سے پاکستان روانگی سے قبل صحافیوں سے مختصر گفتگو میں مسلم لیگ (ن) کی اندرونی صورتحال پر بھی بات کرتی نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مکمل طور پر ایک پیج پر ہے اور مضبوطی سے کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو توڑنے اور تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے کئی لوگ آئے اور چلے گئے، لیکن پارٹی آج بھی متحد ہے۔
مریم نواز نے دیگر صوبوں میں بھی عوامی خدمت کے لیے اسی جذبے سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پنجاب کی طرح دوسرے صوبوں میں بھی عوام کی خدمت کے لیے محنت ہونی چاہیے۔
یوں لندن دورے کے اخراجات سے متعلق جاری بحث میں پنجاب حکومت کا مؤقف سامنے آگیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے نجی دورے کا مالی بوجھ صوبائی خزانے پر نہیں ڈالا گیا۔
Leave feedback about this