الخدمت رازی ہسپتال کو دو شعبوں میں ایف سی پی ایس پوسٹ گریجویٹ تربیت کی منظوری راولپنڈی: الخدمت رازی ہسپتال نے طبی تعلیم اور معیاری صحت کی سہولیات کے شعبے میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی۔ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی جانب سے ہسپتال کو شعبۂ اطفال اور شعبۂ امراضِ نسواں و زچگی میں ایف سی پی ایس پوسٹ گریجویٹ تربیت کے لیے باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ منظوری اس امر کا اعتراف ہے کہ الخدمت رازی ہسپتال طبی تعلیم، معیاری علاج اور مریضوں کی بہترین نگہداشت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ اس پیش رفت سے نوجوان ڈاکٹروں کو اعلیٰ معیار کی تخصصی تربیت کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ صحت کے شعبے میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
اس اہم کامیابی پر الخدمت رازی ہسپتال کے چیئرمین ابو عمیر زاہد، اراکینِ انتظامی کمیٹی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عثمان ظفر نے ہسپتال کے ڈاکٹروں، طبی عملے اور تمام ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری ٹیم کی انتھک محنت، لگن اور پیشہ ورانہ عزم کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الخدمت رازی ہسپتال مستقبل میں بھی طبی تعلیم، جدید علاج اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات کو مزید وسعت دیتا رہے گا۔

Leave feedback about this