سعودی عرب نے پاکستان کے لیے نئے سفیر کی تقرری کا فیصلہ کرتے ہوئے سینئر سفارتکار اور میجر جنرل (ریٹائرڈ) راجح البقمی کو اسلام آباد میں مملکت کا نیا سفیر نامزد کر دیا ہے سعودی حکومت نے ان کی تقرری کے لیے پاکستان سے باضابطہ ایگریمان بھی طلب کر لیا ہے جس کے بعد تقرری کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق راجح البقمی ایک تجربہ کار سفارتکار ہیں اور اس سے قبل لندن اردن سمیت مختلف اہم سفارتی مراکز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ سعودی مسلح افواج میں میجر جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہے جس کے باعث انہیں دفاعی اور سفارتی دونوں شعبوں کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
راجح البقمی پاکستان میں موجودہ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ نواف المالکی کو الجزائر میں سعودی عرب کا سفیر مقرر کیا جا رہا ہے جہاں وہ سفیر عبداللہ بن ناصر البصیری کی جگہ خدمات انجام دیں گے۔ نواف المالکی 2018 سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے اور اپنے دورِ سفارت میں دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصاد دفاعی، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
سفارتی حلقوں کے مطابق راجح البقمی کی تقرری ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی سرمایہ کاری، دفاع معدنیات اور علاقائی تعاون کے شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ نئے سفیر دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری منصوبوں، سعودی فنڈز، توانائی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ماہرین کے مطابق راجح البقمی کا فوجی اور سفارتی پس منظر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری اعلیٰ سطحی رابطوں اور اقتصادی شراکت داری کو نئی رفتار ملنے کی توقع ہے
Leave feedback about this