اسلام آباد:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران کی اعلیٰ قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں میں خطے کی کشیدگی کے خاتمے کے لیے حتمی سمجھوتے کے حوالے سے حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا مختصر اور انتہائی مؤثر دورہ ایران مکمل ہوا اور اس دوران ان کی ایرانی قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں جو 8 اپریل کو جنگ بندی کے بعد خطے میں بدستور موجود کشیدگی کے پیش نظر تناؤ میں کمی لانے اور تعمیری مذاکرات کے لیے جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ تھیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیرخارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔
مزید بتایا گیا کہ ان ملاقاتوں میں گفتگو کے دوران خطے میں امن کے فروغ، استحکام اور حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے جاری مشاورتی عمل کو توسیع دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

Leave feedback about this