سابق امریکی دفاعی کنٹریکٹر گیری موشیئر نے حیران کن دعویٰ کیا ہے کہ خلائی مخلوق پہلے ہی انسانوں کے درمیان رہ رہی ہے۔ امریکی محکمۂ دفاع کے سابق کنٹریکٹر گیری موشیئر کا دعویٰ ہے کہ خلائی مخلوق پہلے ہی زمین پر موجود ہے اور اپنی جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرنے کے لیے مبینہ طور پر زمین کی آبادی دوبارہ بڑھانے کے منصوبے کے تحت امریکی بحریہ کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کر سکتی ہے۔ انہوں نے یہ دعوے برطانوی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیے ہیں۔
یہ انٹرویو ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پینٹاگون نے حال ہی میں نامعلوم پرواز کرنے والی اشیاء (UFOs) سے متعلق اپنی تازہ ترین دستاویزات جاری کی ہیں۔ برطانوی اخبار کے مطابق گیری موشیئر امریکی فوج کے لیے جدید ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق منصوبوں پر کام کر چکے ہیں۔ ان کی کتاب کے ناشر ’شفیفر‘ (Schiffer) کے مطابق وہ تقریباً 30 برس تک امریکی محکمۂ دفاع میں بطور انجینئر خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔
وہ 2 ایسی تنظیموں سے بھی وابستہ ہیں جو نامعلوم اڑن طشتریوں (UFOs) اور آسمان پر دکھائی دینے والی پُراسرار اشیاء کا مطالعہ کرتی ہیں۔ اپنی کتاب ’دے آر ہیئر: یو ایف اوز اینڈ دیئر آکیوپنٹس‘ میں گیری موشیئر نے یو ایف اوز سے متعلق اطلاعات کے 12 سالہ مطالعے کی بنیاد پر اپنے نظریات پیش کیے ہیں۔





