واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2028 کے صدارتی انتخاب کے لیے اپنی جماعت ری پبلکن پارٹی کے دو ممکنہ امیدواروں کے نام بتاتے ہوئے نائب صدر جے ڈی وینس اور مارکو روبیو کو نمایاں رہنما قرار دیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویومیں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جے ڈی وینس اور مارکو روبیو دونوں بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور ان کی مقبولیت بھی اچھی ہے۔ٹرمپ نے دونوں رہنمائوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ری پبلکن پارٹی میں کوئی غیر متوقع امیدوار بھی سامنے آسکتا ہے۔ڈیموکریٹک پارٹی کے ممکنہ امیدواروں سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز کی مقبولیت کا ذکر کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس کی جانب سے بھی کوئی ایسا امیدوار سامنے آسکتا ہے جس کا فی الحال زیادہ چرچا نہیں۔
انٹرویو میں ٹرمپ نے سینیٹ میں ڈیموکریٹک رہنما چک شومر کے ساتھ اپنے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے صحت اور امیگریشن جیسے معاملات پر دونوں جماعتوں کے درمیان ممکنہ تاریخی معاہدے کی امید بھی ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں مل کر بڑے کام کرسکتی ہیں، اگرچہ ڈیموکریٹس کی اپنی ترجیحات ہوں گی اور وہ خود زیادہ قدامت پسندانہ پالیسیوں کے حامی ہیں۔ٹرمپ نے وائٹ ہائوس کی نئی پریس سیکریٹری کے انتخاب کے بارے میں بتایا کہ اس عہدے کے لیے تقریبا 100 افراد خواہش مند ہیں، تاہم امیدواروں کی فہرست چار یا پانچ افراد تک محدود کردی گئی ہے۔انہوں نے سابق پریس سیکریٹری کیٹی زکریا کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ اس عہدے کے لیے بہت اچھی ثابت ہوتیں، لیکن انہیں خدشہ تھا کہ اس منصب پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی صدر نے کانگریس میں قانون سازی کے تعطل پر بھی بات کی اور کہا کہ ان کے اہم قانون سازی کے منصوبے، جن میں سیو امریکا ایکٹ اور ایوان نمائندگان سے منظور ہونے والے سیکڑوں بل شامل ہیں، سینیٹ میں رکاوٹوں کا شکار ہیں۔انہوں نے سینیٹ میں ری پبلکن اکثریتی رہنما جان تھون کو اچھا انسان قرار دیا، تاہم ڈیموکریٹس پر الزام لگایا کہ وہ ری پبلکنز کو کوئی ووٹ دینے کے لیے تیار نہیں۔انٹرویو کے دوران ٹرمپ نے ایف بی آئی کے نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر میں ہیکرز کی مبینہ دراندازی کی اطلاعات پر بھی ردعمل دیا اور کہا کہ یہ اچھی بات نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے اس مبینہ سائبر حملے کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔





