پاکستان کی معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے اپنے مقبول ناول ’پیرِ کامل‘ کے کردار سالار سکندر اور ڈرامے ’درِ نجات‘ کے کردار ابوبکر کے درمیان کیے جانے والے موازنے پر واضح ردعمل دے دیا۔عمیرہ احمد کے تخلیق کردہ کردار سالار سکندر کو قارئین میں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہے، جبکہ حالیہ ڈرامے ’درِ نجات‘ کے کردار ابوبکر امان کو بھی ناظرین کی جانب سے خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر دونوں کرداروں کا موازنہ بڑھنے پر عمیرہ احمد نے کہا کہ سالار سکندر جیسا کوئی دوسرا کردار نہیں ہو سکتا۔ 100 ابوبکر بھی مل جائیں تو سالار سکندر کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔انہوں نے مداحوں سے دونوں کرداروں کا موازنہ بند کرنے کی درخواست بھی کی۔
عمیرہ احمد کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ سالار سکندر کا کردار اتنا غیر معمولی ہے کہ خود مصنفہ کو اس کا دفاع کرنا پڑا۔ ایک اور مداح نے کہا کہ عمیرہ احمد خود بھی شاید دوبارہ سالار سکندر جیسا کردار تخلیق نہ کر سکیں۔





