Roze News

ایل پی جی ایسوسی ایشنز کا 16 نومبر سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

ایل پی جی

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

کراچی: مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) ایسوسی ایشنز نے 16 نومبر سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ایل پی جی مارکیٹز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین علی حیدر نے حکومت کی جانب سے قیمتوں کے تعین کے نئے فارمولے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 16 نومبر سے ایل پی جی کی فروخت بند کر دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ایسوسی ایشنز کے ہنگامی اجلاس میں حکومتی فارمولے کے خلاف فیصلہ کیا گیا ہے۔علی حیدر نے کہا کہ حکومت کے نئے پرائسنگ فارمولے سے ایل پی جی کی قیمتوں میں 25 سے 30 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔دوسری جانب گزشتہ روز نومبر کیلئے ایل پی جی 14 روپے 73 پیسے فی کلو مہنگی کر دی گئی جس کا اوگرا نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی فی کلو گرام قیمت 294 روپے مقرر کی گئی ہے، جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگیا ہے۔

اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 173 روپے 86 پیسے مہنگا ہوگیا، 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3470 روپے 9 پیسے مقرر کر دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ایل پی جی اوگرا کی مقرر کردہ قیمت سے دگنی میں فروخت ہو رہی ہے۔