قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں ہونے والی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کی جائیں اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے۔
محمود خان اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ اس کمیٹی میں ایم آئی، آئی ایس آئی اور سول اداروں کو شامل کیا جائے۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام پر عوام کا اعتماد برقرار رہنا چاہیے۔ پارلیمنٹ پر اعتماد ختم ہوا تو جمہوریت کمزور ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہونے چاہئیں۔ میں وزیراعظم شہباز شریف کو اپوزیشن کے دفتر میں چائے پینے کی دعوت دیتا ہوں۔
اس سے پہلے جب وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن محمود اچکزئی کو مذاکرات اور ملاقات کے لئے پرائم منسٹر ہاؤس میں دعوت دی تھی تو محمد اچکزئی نے قرار دیا تھا کہ وہ ملاقات تو کرنا چاہتے ہیں لیکن پرائم منسٹر ہاؤس جا کر ملاقات نہیں کریں گے کیونکہ محمود اچکزئی کے بقول وزیراعظم آئینی طور پر منتخب وزیراعظم نہیں تھے۔
آج محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وزرا کو پارلیمنٹ اور جمہوری روایات کا احترام کرنا چاہیئے۔ پارلیمانی قواعد و ضوابط اور قانون کے مطابق معاملات چلائے جائیں۔





