کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہےکہ قوم کے فیصلے وہ لوگ کریں گے جنہیں قوم نے ووٹ سے منتخب کیا جب کہ خیراتی یا مصنوعی مینڈیٹ پر بیٹھےلوگ قوم کے فیصلے نہیں کرسکتے۔
سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ 18ویں ترمیم سےصحت، تعلیم، توانائی اور دیگر شعبوں میں نمایاں ترقی کی، آج بعض وفاقی وزرا 18ویں ترمیم کے خلاف بات کر رہے ہیں۔
18ویں ترمیم سے پہلےجناح اسپتال کی کیاصورتحال تھی اور آج کیا ہے؟ آج ایسے لوگ 18ویں ترمیم پرلیکچر دے رہے ہیں جو فارم 47 کی پیداوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھر سے ساڑھے 3 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا ہو رہی ہے، سندھ کے وسائل سے پیدا ہونے والی توانائی پورے ملک کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال، احسن اقبال، خواجہ آصف یا کسی اورکو اعتراض ہے تو پارلیمنٹ میں بات کریں، سندھ اسمبلی آپ کی ہر بات کا آئینی اور قانونی جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اگر آپ کے پاس دلیل اور مؤقف ہے تو اسمبلی میں آکر بات کریں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ وفاقی وزراء سے گزارش ہے کہ پہلے عوام کے درمیان جائیں، عوام سے ووٹ لے کر منتخب ہو کر آئیں، پھر بات کریں،خیراتی یا مصنوعی مینڈیٹ پر بیٹھےلوگ قوم کے فیصلے نہیں کر سکتے، قوم کے فیصلے وہ لوگ کریں گے جنہیں قوم نےووٹ سے منتخب کیا۔
