پاکستان تازہ ترین

سیرت النبیؐ تمام انسانیت کے لیے رہنمائی اور رحمت کا سرچشمہ ہے، عطا تارڑ

سیرت النبیؐ تمام انسانیت کے لیے رہنمائی

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا محمد تارڑ نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمدؐ کی سیرتِ طیبہ تمام انسانیت کے لیے رہنمائی اور رحمت کا سرچشمہ ہے، آج ہمیں آپؐ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔
اسلام آباد میں سیرت النبیؐ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا محمد تارڑ نے کہا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبیؐ کی شان اور مقام کو بیان فرمایا ہے، نبی کریمؐ وجۂ تخلیقِ کائنات، رحمت اللعالمین اور خاتم النبیین ہیں، آپؐ کو تمام انسانوں اور تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قرآن مجید بھی نبی کریمؐ کو عطا کیے گئے عظیم معجزات میں سے ایک ہے، جبکہ آپؐ کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا مستقل ذریعہ ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ نبی کریمؐ کی شخصیت اور تعلیمات سے غیر مسلم بھی متاثر ہوئے اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے اہلِ قلم نے آپؐ کی شان میں تحریریں اور اشعار لکھے، انہوں نے برصغیر کے ایک سکھ شاعر کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عشقِ رسولؐ کسی ایک مذہب یا گروہ تک محدود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معاشرے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیرتِ طیبہ سے رہنمائی لینا انتہائی ضروری ہے، ہمیں نبی کریمؐ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے تاکہ معاشرے میں اخوت، برداشت، عدل اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field