پاکستان تازہ ترین

مکہ دفاعی معاہدے نے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا: وزیراعظم

مکہ دفاعی معاہدے نے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا: وزیراعظم

 

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی تعاون کے بعد اقتصادی اور زرعی شراکت داری کو نئی سطح پر لے جانے پر اتفاق کیا ہے۔

سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی، آبی وسائل، غذائی تحفظ اور اقتصادی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے سعودی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں، انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے نے تینوں ممالک کو مزید قریب لانے کے ساتھ خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب سٹریٹجک شراکت دار ہیں، اس لئے دونوں ممالک کو اب اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے، جس سے دونوں ممالک کو باہمی فائدہ حاصل ہو۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی مصنوعات کی تجارت، بالخصوص پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے جاری مثبت تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے زیادہ مؤثر استعمال سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستانی زرعی ماہرین کا ایک وفد جلد سعودی عرب کا دورہ کرے گا، وفد کے دورہ ریاض کے دوران زراعت، پانی کے وسائل اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کے امکانات پر مزید بات چیت کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی شراکت داری کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت نے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field