وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ عمران خان کی صحت اور ان سے ملاقات کے معاملے پر کل تمام پارلیمنٹیرینز سپریم کورٹ کے باہر احتجاجی دھرنا دیں گے، جمعرات کو اراکین پارلیمنٹ کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر بھی احتجاج کیا جائے گا، اگر اس کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہ کروائی گئی تو جمعرات کی رات 10 بجے ملک بھر کے ہر چوک کو ڈی چوک بنا دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو ہونے والے لانگ مارچ کی کال اپنی جگہ برقرار ہے، تاہم اس سے قبل عمران خان سے ملاقات اور ان کی صحت سے متعلق مطالبات کے لیے احتجاجی اقدامات کیے جا رہے ہیں، کل تمام پارلیمنٹیرینز سپریم کورٹ کے باہر جمع ہوں گے اور وہاں دھرنا دیا جائے گا، مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس عمران خان کی صحت کے حوالے سے فیصلہ جاری کریں اور ان کی فیملی اور ذاتی ڈاکٹروں کو عمران خان سے ملاقات اور طبی معائنے کی اجازت دی جائے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صحت کے معاملے کو مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور ان کے خاندان اور ڈاکٹرز کو ان تک رسائی ملنی چاہیے، عدالتوں کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق فیصلے کرنے چاہئیں کیونکہ اگر ججز بھی کسی کے آلہ کار بن کر فیصلے کریں گے تو پھر ملک اور نظام انصاف کس سمت جائے گا؟ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی کال دیتے وقت عمران خان کی فیملی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا کیونکہ خاندان غیر سیاسی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی پوری قیادت اور اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل نہیں کی گئی اور یہ پروگرام اپنی جگہ برقرار ہے، جمعرات کو تمام پارلیمنٹیرینز اڈیالہ جیل جائیں گے اور عمران خان سے ملاقات کی کوشش کریں گے، اگر ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو اڈیالہ جیل کے سامنے ہی دھرنا دیا جائے گا۔
سہیل آفریدی کہتے ہیں کہ اگر منگل اور جمعرات کے احتجاج اور مطالبات کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہ کروائی گئی تو جمعرات کی رات 10 بجے ملک بھر میں احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا اور ہر شہر کے اہم چوکوں کو ڈی چوک میں تبدیل کرنے کی کال دی جائے گی، پارٹی قیادت عمران خان کی صحت، ان کے علاج اور اہل خانہ و ذاتی معالجین تک رسائی کے معاملے پر واضح اقدامات چاہتی ہے، موجودہ صورتحال میں احتجاج کا مقصد عمران خان کی صحت سے متعلق خدشات کا ازالہ اور ان تک قانونی و طبی رسائی یقینی بنانا ہے۔

Leave feedback about this