تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی کا کہنا کہ پاکستان کی خاطر آج میں عمران خان سے اپنی رنجش ختم کرتا ہوں، عمران خان پر میرا غصہ ذاتی اور اسکی ذات سے نفرت مملکت سے محبت کے باعث تھا، پاکستان کے عشق کے سامنے میری ذات صفر بٹہ صفر ہے ۔ اپنے کالم ’پاکستان کو راستہ چاہئے‘ میں حفیظ اللہ نیازی کا مزید لکھنا تھا کہ آج جب میں اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی کا درخواستگار ہوں تو یہ کیسے ممکن کہ میں خود کسی کو معاف نہ کروں۔
پاکستان کی خاطر آج میں عمران خان سے اپنی رنجش ختم کرتا ہوں۔ میرے ہم وطنو ! خدارا ، پاکستان کی خاطر ، ہم سب پاکستان کی خاطر اپنی رنجشیں ختم کر دیں۔ مملکت کیلئے ہماری رنجشیں جان لیواء ثابت ہو رہی ہیں ۔
آج پاکستان کو آگے بڑھنے سے حکومت اور عمران خان کے باہمی ٹکر اؤنے روک رکھا ہے۔ خدا کے واسطہ پاکستان کو آگے بڑھنے کا راستہ دیں۔
حفیظ اللہ نیازی کا مزید کہنا تھا کہ مملکت خدادا دمیں ہے کوئی اللہ کا بندہ جو وطن عزیز کی مدد کو آئے! سیاسی بے تدبیری کی لگی آگ کو بجھانے کی تدبیر کرے۔ وطنِ عزیز آج اپنی تاریخ کے بدترین سیاسی بحران سے نبرد آزما ہے۔ بھارتی سرپرستی میں پاکستان دشمن قوتیں کشمیر، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بذریعہ ’’ داخلی انتشار اور سیاسی عدم استحکام‘‘ اپنے پراگندہ عزائم اور مذموم ایجنڈا کو آگے بڑھا رہی ہیں۔
دہائیوں کے بحرانوں سے اَٹی مملکت کو نت نئی وارداتوں نے ہلکان کر رکھا ہے۔ ریاست کی بنیادی ذمہ داری 25 کروڑ عوام کی جان، مال، عزت اور آبرو کا تحفظ کرنا ہے، ریاست اپنی ذمہ داری سے برّی الذمہ ہے۔ حیف ! عوام بے یار و مددگار، کوئی پُرسان حال موجود نہیں، ’’اپنی مدد آپ‘‘ کے اصول پر زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ اس سے بھی زیادہ تشویشناک امر کہ حکمران زمینی حقائق سے مکمل طور پر کٹے، دانستہ جھوٹا بیانیہ گھڑ کر قوم کو ’’سب اچھا‘‘ کا یقین دلا رہے ہیں ۔ حکمرانوں کے بے حس طرز عمل کی وجہ ہی کہ آج ریاست اندر سے کھوکھلی ہو چکی ہے ۔

Leave feedback about this