Roze News

دنیا جلد ایران کی فتح کی گونج سنے گی، ایرانی جنرل کا دعویٰ

جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا: ایرانی عسکری قیادت

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ دنیا جلد ایران کی فتح اور جارح و دہشت گرد دشمن کے خلاف مزاحمتی محاذ کی کامیابی کی گونج سنے گی۔

خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے یہ بات میجر جنرل غلام علی رشید اور ان کے صاحبزادے امین عباس رشید کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب کے نام اپنے پیغام میں کہی۔

تقریب جمعے کی شام ایرانی شہر دزفول میں منعقد ہوئی۔ میجر جنرل غلام علی رشید کو 2016 میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کا کمانڈر مقرر کیا تھا اور وہ اپنی شہادت تک اس عہدے پر فائز رہے۔

ایرانی حکام کے مطابق میجر جنرل غلام علی رشید اور ان کے بیٹے 13 جون 2025 کو ایران پر اسرائیلی حملے میں مارے گئے تھے۔

اپنے پیغام میں جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ اگرچہ جنرل رشید کی شہادت ایک بڑا نقصان تھی، تاہم اس واقعے نے ایک بار پھر دنیا پر ایران کی دفاعی صلاحیت اور قومی طاقت کو واضح کیا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن یہ سمجھتا تھا کہ ایرانی فوجی قیادت کو نشانہ بنا کر ملک کے دفاعی عزم کو کمزور کیا جا سکتا ہے، لیکن وہ اس حقیقت سے بے خبر تھا کہ جنرل رشید اپنے پیچھے علم، تجربے اور تزویراتی سوچ کا ایسا سرمایہ چھوڑ گئے ہیں جو آنے والی نسلوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔

جنرل عبداللہی کے مطابق اس وقت ایرانی مسلح افواج کے کمانڈر اسی حکمت عملی کی روشنی میں دشمن کی پیچیدہ ہائبرڈ اور ادراکی جنگی مہمات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔