تازہ ترین

سی پی این ای اجلاس، ممتاز صحافی کاظم خان بلا مقابلہ صدر منتخب،صدر ، وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی مبارکباد

سی پی این ای اجلاس، ممتاز صحافی ظم خان بلا مقابلہ صدر منتخب،صدر ، وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی مبارکباد

کراچی(پ ر)کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای)کے سالانہ اجلاس میں ممتاز صحافی کاظم خان ایک بار پھر بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے جبکہ ایاز خان سینئر نائب صدر، غلام نبی چانڈیو سیکریٹری جنرل اور تنویر شوکت ڈپٹی سیکریٹری جنرل منتخب جبکہ عارف بلوچ فنانس سیکریٹری، منزہ سہام انفارمیشن سیکریٹری، قاضی اسد عابد(نائب صدر سندھ)، شکیل ترابی (نائب صدر راولپنڈی/اسلام آباد)، میاں احمد حسن(نائب صدر پنجاب)، طاہر فاروق(نائب صدر خیبر پختونخوا) اور انور ساجدی(نائب صدر بلوچستان)منتخب ہوگئے، جوائنٹ سیکریٹریز میں منیر بلوچ(بلوچستان)، مقصود یوسفی(سندھ)، تنویر صدیقی(خیبر پختونخوا)، بابر نظامی (پنجاب) اور یحییٰ سدوزئی (راولپنڈی/اسلام آباد)شامل ہیں۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے دیگر منتخب اراکین میں حامد حسین عابدی، سردار محمد سراج، شیر محمد کھاوڑ، عبدالرحمان منگریو، ضیا تنولی، مدثر اقبال، شہزاد امین، عرفان اطہر، ذوالفقار احمد راحت، عبدالسلام بھاٹ، ممتاز احمد صادق، فقیر منٹھار منگریو، ایاز علی میمن، ناصر خٹک، اکمل چوہان، ڈاکٹر زبیر محمود، مسعود خان، فضل حق، علی احمد ڈھلون، عبدالخالق علی، تیمور عامر، سید انتظار حسین زنجانی، میاں اسلم، حمزہ علی افغان اور محمود عالم خالد شامل ہیں۔ اس کا اعلان تین رکنی الیکشن کمیٹی کے چیئرمین علی رضا لہڑی نے کیا اور نومنتخب اراکین کو مبارکباد پیش کی۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں بلال اسلم اور عبید علیم شامل تھے، جبکہ دو رکنی مصالحتی (آربیٹریشن)کمیٹی کے چیئرمین حسن عباس اور رکن وزیر زادہ تھے۔ سالانہ اجلاس عام میں پرنٹ میڈیا کے مستقبل، ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات اور میڈیا انڈسٹری کو درپیش معاشی مشکلات پر خصوصی توجہ دی گئی۔ شرکائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر کاظم خان نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ2026 جو آزادی صحافت کے تحفظ اور مزاحمت کے سال کے طور پر منائیںگے، انھوں نے کہا کہ مزاحمت اپنے گھر سے شروع کریں گے ۔ فیک نیوز پروپگینڈسٹ ڈمی اخبارات ، سیاسی جماعتوں اور اداروں کے پے رول پر بیانیہ بنانے والوں کے خلاف مزاحمت کریں گے، ہر لکھنے والا، ہر بولنے والا اور کیمرے کے سامنے بیٹھ کر خود ساختہ دانش مسلط کرنے والا صحافی نہیں ہوسکتا۔ جس صحافت نے عزت دی آج اس کی عزت خطرے میں ہے، طاقتور صحافت کو اپنی انگلیوں پر نچاتے ہیں، انھوں نے کہا کہ دن کی روشنی میں صحافیوں کو دفاتر بلاکر دھمکیاں دینے والوں کا راستہ روکنا ہوگا۔ اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ ڈیجیٹل میڈیا تیزی سے فروغ پارہا ہے ، تاہم پرنٹ میڈیا اپنی حیثیت ایک مستند اور دستاویزی ذریعے کے طور پر برقرار رکھے گا۔ اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ سرکاری اشتہارات کی تقسیم میں نمایاں کمی آئی ہے، جس کے باعث اخبارات اور جرائد کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر علاقائی اخبارات کے لیے بجٹ میں کمی اور اشتہاری حصہ نہایت کم سطح تک آ جانا ایک سنگین مسئلہ قرار دیا گیا۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا کے لیے سبسڈی یا مالی معاونت فراہم کی جائے، اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے، علاقائی اخبارات کے لیے مخصوص کوٹہ بحال کیا جائے اور میڈیا انڈسٹری کے لیے واضح اور شفاف پالیسی مرتب کی جائے۔ اجلاس میں ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں، جن میں سی پی این ای کے تحت ایک موثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم قائم کرنے، ڈیجیٹل رسائی بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شرکا ء نے اس امر پر بھی زور دیا کہ فیک نیوز کے بڑھتے ہوئے رجحان کا مقابلہ کرنے کے لیے مستند صحافت کو فروغ دینا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو عوام کے اعتماد کا مرکز قرار دیا گیا۔ اجلاس میں تنظیمی اصلاحات، میڈیا پالیسی اور مالیاتی ڈھانچے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سی پی این ای کو موجودہ حالات کے مطابق اپنی حکمت عملی کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔ اجلاس میں پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کو باہم مربوط کر کے ایک مضبوط، پائیدار اور قابلِ اعتماد میڈیا نظام تشکیل دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تاکہ صحافت کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے اور جمہوری اقدار کو فروغ ملے۔ اس موقع پر سی پی این ای کے ہردلعزیز سابق سیکریٹری جنرل، مرحوم عامر محمود کی یاد میں خصوصی تعزیتی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں ان کے صاحبزادے تیمور عامر، صدر کاظم خان اور سیکریٹری جنرل غلام نبی چانڈیو سمیت دیگر اراکین نے آزادی صحافت، اظہارِ رائے کی آزادی اور سی پی این ای کے لیے عامر محمود کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اجلاس کے اختتام پر نومنتخب صدر کاظم خان اور سیکریٹری جنرل غلام نبی چانڈیو نے تمام شرکائے اجلاس کا شکریہ ادا کیا اور سی پی این ای سیکریٹریٹ کے عملے کی خدمات کو سراہا۔ جاری کردہ: کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image