ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور مختلف شہروں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد، ہری پور اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ کئی مقامات پر نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
نتھیا گلی، ٹھنڈیانی اور دیگر بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا، جبکہ سیاحتی مقامات پر سرد موسم کے باوجود سیاحوں کی آمد جاری ہے۔ بعض مقامات پر برف جمع ہونے سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں اور انتظامیہ نے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔
آزاد کشمیر کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ رات گئے شروع ہونے والی برفباری کے نتیجے میں ہٹیاں بالا، وادی نیلم، لیپہ، وادی جہلم اور دیگر بلند علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔ متعدد علاقوں میں برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ضلع خیبر کے میدانی علاقوں میں بھی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری نے جاتی سردی کو بریک لگا دی ہے۔ بارش کے بعد موسم انتہائی خوشگوار مگر سرد ہو گیا ہے، جبکہ شہریوں نے گرم کپڑوں اور احتیاطی تدابیر کا استعمال بڑھا دیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ سیاحوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Leave feedback about this