وزیراعظم شہباز شریف غزہ پیس بورڈ کے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے 18 فروری کو واشنگٹن روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم 19 فروری کو اجلاس میں شرکت کے ساتھ خطاب بھی کریں گے، جس میں غزہ کی موجودہ صورتحال، انسانی بحران اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 20 فروری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے خصوصی ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور زیرِ بحث آئیں گے۔ اس موقع پر ایک اعلیٰ عسکری شخصیت بھی بطور خاص شریک ہوگی، جس سے سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
وزیراعظم کے دورۂ واشنگٹن کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال، غزہ میں جاری انسانی بحران، اور عالمی برادری کے مشترکہ کردار پر بات چیت کی جائے گی۔
سفارتی حلقوں کے مطابق یہ دورہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے اور اہم ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا اہم موقع ہوگا۔ وزیراعظم کی شرکت کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کی مسلسل کاوشوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave feedback about this