Roze News

میں اپنا بزنس خود کرتی ہوں، مجھے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا، مریم نواز

میں اپنا بزنس خود کرتی ہوں، مجھے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا، مریم نواز

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

شہباز شریف کو بھی میرے وزیرِاعلیٰ بننے پر ڈر تھا لیکن آج میں نے پوری دنیا میں خود کو منوالیا ہے، اپنی وزیراعلیٰ پر اعتماد کریں، جو صرف وزیراعلیٰ نہیں آپ کی ماں بھی ہے؛ ملتان میں طلباء سے خطاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میری اپنی جماعت کے لوگوں حتیٰ کہ شہباز شریف کو بھی میرے وزیرِاعلیٰ بننے پر ڈر تھا لیکن آج میں نے پوری دنیا میں خود کو منوا لیا ہے، عورت گھر کے ساتھ ساتھ صوبہ اور ملک بھی چلا سکتی ہے، جہاز اڑا سکتی ہے اور یونیورسٹی بھی چلا سکتی ہے، میں صرف وزیراعلیٰ نہیں بلکہ آپ کی ماں بھی ہوں جو پوری قوت سے آپ کے ساتھ کھڑی ہے، دسمبر سے طالبات کو سکوٹیز ملنا شروع ہو جائیں گی، 22 ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ سے زائد سکوٹیز فراہم کی جائیں گی، ملتان یونیورسٹی کی 1600 طالبات کو اسکالرشپس دی جا رہی ہیں اور پنجاب میں اب سفارش کلچر کا خاتمہ کرکے صرف میرٹ پر فیصلے کیے جاتے ہیں۔

ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں طلبہ و طالبات سے ملنے کے لیے بے حد پُرجوش تھی، بچوں کی تعلیم کے لیے والدین بے حد قربانیاں دیتے ہیں، بیٹیاں ڈاکٹر، انجینئر، کاروباری شخصیت، رکنِ اسمبلی اور وزیراعلیٰ بھی بن سکتی ہیں، اور کل کی کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور وزیراعلیٰ بھی یہیں سے نکلیں گی، اپنے ذہنوں کو کھلا رکھیں، خود کو ہرگز کمتر نہ سمجھیں کیونکہ عورت گھر کے ساتھ ملک اور صوبہ بھی چلا سکتی ہے، صرف گھر نہیں بیٹھنا بلکہ اپنی صلاحیتوں کو ملکی ترقی کے لیے بروئے کار لانا ہے، اچھا استاد کتاب کھولتا ہے اور عظیم استاد ذہن کھولتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ خواتین کی معاشی خود مختاری ہی حقیقی بااختیاری کی مضبوط بنیاد ہے، چونکہ خواتین آبادی کا 51 فیصد ہیں اس لیے ان کی شمولیت کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، میں نے خود بھی ہراسانی کا سامنا کیا، تین سال قبل کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ پنجاب ایک خاتون چلائے گی، میری اپنی پارٹی کے لوگوں کو بھی میرے وزیراعلیٰ بننے پر ڈر لگتا تھا لیکن آج محنت اور کارکردگی سے پوری دنیا میں اپنے آپ کو منوایا ہے، اپنا کاروبار خود کرتی ہوں اور اللہ کا شکر ہے کہ کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑتی، میرے والد میرا بہت خیال رکھتے ہیں لیکن والد کے سامنے بھی مدد کے لیے ہاتھ نہیں پھیلاتی۔

انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ مفت گوگل سرٹیفکیٹ دیئے جا رہے ہیں، اعلیٰ سطح پر سفارش کلچر کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب پنجاب میں جینڈر نہیں بلکہ صرف میرٹ دیکھا جاتا ہے، وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم بچیوں تک اسکالرشپ پہنچائیں گے، خواتین کو ہراسانی، تشدد اور امتیازی سلوک سے مکمل تحفظ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ملتان یونیورسٹی کی 1600 طالبات کو تعلیمی اسکالرشپ فراہم کیا جا رہا ہے، طالبات کو دسمبر سے سکوٹیز ملنا شروع ہو جائیں گی، 22 ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ سے زائد سکوٹیز فراہم کی جائیں گی، سکوٹیز کے لیے لڑکوں سے زیادہ لڑکیوں کی درخواستیں آنا حقیقی بااختیاری کا ثبوت ہے۔

خواتین کے تحفظ اور حالیہ وائرل ویڈیوز کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سڑک پر بیوی پر سرعام تشدد کرنے والے شوہر کی ویڈیو سامنے آئی جس پر کسی نے لکھا کہ مریم نواز ہوتیں تو فوری ایکشن لیتیں، ایسی صورتحال میں خوف کو اپنے پاس نہ آنے دیں، والدین اور حکومت پر اعتماد رکھیں، خواتین کے لیے پنک موبائل پولیس کال کرنے پر گھر کی دہلیز پر آئے گی، اور والدین متاثرہ بچی کا ساتھ دیں اور ملزم کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں مدد کریں۔

انہوں نے بتایا کہ میرے پاس ایک ویڈیو آئی جس میں ایک ذہنی معذور بچی گرین بسز میں ایسی صورتحال پیدا کرتی تھی جس سے لوگوں کو مشکل ہوتی تھی اور اسے اتارتے ہوئے دھکا دیا گیا، جس پر کسی نے ویڈیو بنا کر کہا کہ دیکھیں مریم نواز اس بچی کے ساتھ کیا سلوک ہو رہا ہے، مجھے ویڈیو دیکھ کر افسوس ہوا اور میں نے دھکا دینے والے ملازم کو ناصرف نوکری سے فارغ کیا بلکہ گرفتار بھی کرایا۔

میریم نواز نے کہا کہ ڈرنا نہیں ہے اور خوف کو اپنے نزدیک نہیں آنے دینا، اپنے آپ، والدین اور اپنی حکومت پر اعتماد رکھیں، اور اپنی وزیراعلیٰ پر اعتماد کریں جو صرف وزیراعلیٰ نہیں بلکہ آپ کی ماں بھی ہے اور پوری قوت سے آپ کے ساتھ کھڑی ہے، میں اڑ کے آپ سے ملنے آئی ہوں، عورت صوبہ چلا سکتی ہے، عورت پاکستان چلا سکتی ہے، عورت جہاز اڑا سکتی ہے، یونیورسٹی چلا سکتی ہے اور گھر بھی چلا سکتی ہے، اپنے ملک کو برا نہیں کہنا، اپنے ملک کے خلاف کبھی نہیں جانا، پنجاب کی بیٹیوں، ماؤں اور بہنوں کے لیے ایک محفوظ پنجاب بنا دیا ہے۔