بین الاقوامی سب میرین انٹرنیٹ کیبل ایس ایم ڈبلیو میں پیدا شدہ خرابی دور کردی گئی
انٹرنیٹ صارفین کے لیے خوشخبری آ گئی ہے، پاکستان کو عالمی انٹرنیٹ سے منسلک کرنے والی زیرِ سمندر سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو فائیو میں پیدا ہونے والی خرابی دور کر دی گئی، 10روز بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر معمول پر آگئیں۔
وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کیبل کی بحالی کی تصدیق کر دی اور کہا انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کی تمام تر صلاحیتیں بحال کر دی گئی ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق ایس ایم ڈبلیو فائیو کیبل مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے اور بین الاقوامی ڈیٹا کنیکٹیویٹی معمول پر آگئی ہے۔ اٹھارہ نومبر کو پاکستان کے ساحل سے تقریباً گیارہ کلومیٹر دور زیرِ سمندر کیبل میں خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئیں۔ ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس اور ایس ایم ڈبلیو فائیو کنسورشیم کے درمیان فوری رابطہ کاری کے نتیجے میں کیبل کی بحالی ممکن ہوئی۔ تکنیکی ٹیموں نے خرابی دور کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کیا۔





