Roze News

  سیمنٹ کی ترسیلات تقریباً 40 لاکھ 30 ہزار ٹن رہنے کا امکان 

  سیمنٹ کی ترسیلات تقریباً 40 لاکھ 30 ہزار ٹن رہنے کا امکان 

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

مقامی سیمنٹ فروخت میں سالانہ بنیاد پر ایک سے تین فیصد اضافے کی توقع ہے

پاکستان میں نومبر کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ترسیلات ایک فیصد کمی کے ساتھ تقریباً 40 لاکھ 30 ہزار ٹن رہنے کا امکان ہے، تاہم مقامی سیمنٹ فروخت میں سالانہ بنیاد پر ایک سے تین فیصد اضافے کی توقع ہے۔
سیمنٹ انڈسٹری کے تازہ تخمینوں کے مطابق نومبر میں مقامی سیمنٹ فروخت 35 لاکھ 20 ہزار ٹن رہنے کا امکان ہے، جس کی بڑی وجہ شمالی علاقوں میں فروخت کا دو فیصد بڑھنا ہے،اس کے برعکس جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فروخت تین فیصد کم رہنے کا تخمینہ ہے، جس کی وجہ قیمتوں میں اضافہ بتایاجارہاہے۔
رپورٹ کے مطابق نومبر میں سیمنٹ کی برآمدات 13 فیصد سالانہ کمی سے 5 لاکھ 10 ہزار ٹن رہنے کا امکان ہے، افغانستان کے ساتھ سرحدی بندش کے باعث شمالی علاقوں کی سیمنٹ کمپنیاں برآمدات نہیں کرسکیں، جس سے پانچ ماہ کے دوران مجموعی برآمدات میں 10 فیصد کمی متوقع ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی ترسیلات دو فیصد اضافے سے 2 کروڑ 20 لاکھ 20 ہزار ٹن جبکہ مقامی فروخت پانچ فیصد اضافے سے ایک کروڑ 84 لاکھ 50 ہزار ٹن رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب نومبر میں سیمنٹ کی اوسط خوردہ قیمت 13 فیصد اضافے سے 1,588 روپے فی بوری ہوگئی جو گزشتہ سال اسی ماہ 1,403 روپے تھی، قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ ایندھن اور ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بتائے گئے ہیں۔ 
رواں مالی سال کے دوران مقامی سیمنٹ کی طلب میں آٹھ فیصد اضافے کی توقع ہے۔