Roze News

پہلے پنجاب جادو ٹونے پر چلتا تھا، سڑکوں پردھول اڑتی تھی، آج تمام صوبوں کیلئے ٹرینڈسیٹر ہے: مریم نواز

پہلے پنجاب جادو ٹونے پر چلتا تھا، سڑکوں پردھول اڑتی تھی، آج تمام صوبوں کیلئے ٹرینڈسیٹر ہے: مریم نواز

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نےکہا ہےکہ پہلے پنجاب جادو ٹونے پر چلتا تھا، سڑکوں پر دھول اڑتی تھی، ہزار دنوں میں پنجاب کو بدل کر رکھ دیا، آج پنجاب تمام صوبوں کے لیے ٹرینڈ سیٹر ہے۔

راولپنڈی کے دورےکے موقع پر ایگریکلچر یونیورسٹی میں ہونہار اسکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نےکہا کہ مریم کے دور میں پرچی، ڈالا کلچر، بدمعاشی، سفارش نہیں، صرف میرٹ چلتا ہے۔ جو لوگ کہتے تھےکہ صرف لاہور میں پیسہ لگتا ہے، وہ آئیں لیہ اور بھکرکو دیکھیں، آج پورے پنجاب میں یکساں ترقی ہورہی ہے۔

 مریم نواز نےکہا کہ وسائل میں کمی کے باوجود کام کیا، اگر پیسہ ہوتا تو ہزار دنوں میں ایسی ترقی ہوتی کہ سب دیکھتے۔ جو پنجاب مجھے ملا تھا وہ جادو ٹونے اور جھاڑ پھونک سے چلایا جا رہا تھا، موکل پنجاب چلا رہے تھے، آج پنجاب تمام صوبوں میں ٹرینڈ سیٹر ہے، صوبے سے جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت اعلیٰ کی کرسی سنبھالے ہزار دن ہو چکے ہیں، راولپنڈی میں بہت تبدیلی آ چکی ہے، 1100گرین بسیں پورے پنجاب کی سڑکوں پر دوڑ رہی ہیں، طالبات کے لیے گرین بس بالکل فری ہے، آج علاج کے لیے لوگ بڑے شہروں سے چھوٹے شہروں کی طرف آرہے ہیں، پنجاب کا ہر شہر ہر گاؤں ایک جیسی اہمیت رکھتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیرکسی بھی ملک کی ترقی ممکن نہیں، ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ اسکیم پنجاب کے طلبہ کا بنیادی حق ہے، حکومت میرٹ پر طلبہ کو اسکالرشپس دینے اور انہیں جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔طلبہ کی کامیابی ان کے والدین کی محنت اور قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہیں معلوم ہے کہ بچوں کے لیے محنت کرنا اور والدین کے لیے تعلیمی اخراجات، خصوصاً فیس ادا کرنا آسان نہیں ہوتا۔ ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت طلبہ کو تعلیمی اور ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی۔ پنجاب اپنے بچوں کو محنت اور قابلیت کی بنیاد پر نواز  رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ پنجاب تمام صوبوں میں ٹرینڈ میکر بن چکا ہے اور دوسرے صوبے بھی اس کے منصوبے اپنا رہے ہیں۔ پنجاب میں ہر شہر کی بلاامتیاز ترقی جاری ہے اور صوبے کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کردیا گیا ہے۔نواز شریف کی بیٹی جو وعدہ کرتی ہے، اسے پورا کرتی ہے۔

ونیورسٹی میں تقریب کے بعد مریم نواز نے مری روڈ رحمان آباد، کمرشل مارکیٹ اور راجہ بازار کا دورہ کیا، جہاں مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت اور کارکنان کی بڑی تعداد نے مریم نواز کا شاندار استقبال کیا، کارکنان نے جگہ جگہ پر مریم نواز کے قافلے پر گل پاشی کی، مریم نواز نے گرین بس منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔