عرب میڈیا کے مطابق امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے الزام میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 48 سالہ آصف مرچنٹ کو نیویارک کے علاقے بروکلین کی وفاقی عدالت میں امریکی ڈسٹرکٹ جج ایرک آر کومیتی نے 330 ماہ قید کی سزا سنائی۔ انہیں بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کی کارروائی اور معاوضے کے عوض قتل کی سازش کے الزامات میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔
امریکی استغاثہ کے مطابق آصف مرچنٹ نے 2024 میں مبینہ طور پر ایران کی ہدایت پر امریکا میں ایسے افراد بھرتی کرنے کی کوشش کی تھی جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر اہم سیاسی شخصیات کو نشانہ بناسکیں۔ اس منصوبے میں اُس وقت کے امریکی صدر جو بائیڈن اور ریپبلکن صدارتی نامزدگی کی امیدوار نکی ہیلی بھی ممکنہ اہداف میں شامل تھیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ اس مبینہ منصوبے کا مقصد 2020 میں امریکی حملے کے دوران ایرانی فوجی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینا تھا۔ امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملے سے پہلے ہی سازش ناکام بنادی تھی۔ یہ بھی پڑھیں:روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ،17افراد ہلاک امریکی محکمہ انصاف کے مطابق آصف مرچنٹ نے اپریل 2024 میں ایک شخص سے اس منصوبے میں مدد طلب کی تاہم اس شخص نے حکام کو اطلاع دے دی اور خفیہ مخبر بن گیا، جس کے بعد آصف مرچنٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔
مارچ میں وفاقی جیوری نے انہیں مجرم قرار دیا تھا۔ دورانِ مقدمہ آصف مرچنٹ نے اعتراف کیا کہ وہ ایران کی پاسداران انقلاب سے منسلک افراد کے ساتھ اس منصوبے میں شامل ہوئے تھے تاہم ان کا مؤقف تھا کہ انہوں نے تہران میں موجود اپنے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے دباؤ کے تحت ایسا کیا۔ ان کے مطابق انہیں کسی مخصوص شخصیت کو قتل کرنے کا براہ راست حکم نہیں دیا گیا تھا البتہ ایرانی رابطہ کار نے گفتگو کے دوران تین ممکنہ اہداف کے نام لیے تھے۔ دوسری جانب ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ یا دیگر امریکی عہدیداروں کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کی ہے۔





