Roze News

امیر تبلیغی جماعت مولانا نذرالرحمٰن انتقال کر گئے

مولانا نذرالرحمٰن

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

کراچی: امیر تبلیغی جماعت استاذ الحدیث و استاذ العلماء امام التصوف، حضرت مولانا نذرالرحمٰن انتقال کر گئے۔مولانا نذرالرحمٰن صاحب 2018 سے امیر تبلیغی جماعت کے منصب پر فائز تھے، ان کی نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔مرحوم مولانا نذر الرحمٰن کا آبائی تعلق تحصیل و ضلع راولپنڈی کے دو افتادہ گاوٴں ’’بلاول‘‘ سے تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امیر تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمٰن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان اور تبلیغی جماعت کے اکابرین کے ساتھ دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔محسن نقوی نے مولانا نذر الرحمٰن کی دین اسلام کی تبلیغ کے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مولانا نذر الرحمٰن نے دین اسلام کی تبلیغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، امیر تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمٰن کی دین اسلام کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

امیر تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمن کے انتقال پر ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے اظہارِ رنج و غم کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کا انتقال دینی و علمی حلقوں کے لیے بڑا سانحہ ہے۔ مولانا ممتاز عالمِ دین، شیخ الحدیث اور مخلص مبلغِ اسلام تھے، حضرت کی پوری زندگی علمِ دین، دعوت و تبلیغ اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے وقف رہی۔

مفتی نعمان نعیم نے کہا کہ مولانا نذر الرحمٰن نے نصف صدی سے زائد عرصے تک رائے ونڈ مرکز میں تدریسی و دعوتی خدمات انجام دیں۔ حاجی عبد الوہابؒ نے اپنی حیات میں مولانا نذر الرحمٰن کو اپنا جانشین نامزد کیا تھا، حاجی عبد الوہابؒ کے انتقال کے بعد 2018ء میں مولانا نذر الرحمٰن نے تبلیغی جماعت کی امارت سنبھالی۔

انکا کہنا تھا کہ مولانا نذر الرحمن کی زندگی سادگی، تقویٰ، اخلاص اور استقامت کا عملی نمونہ تھی، حضرت کی دینی، علمی اور دعوتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔مفتی نعمان نعیم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مولانا نذر الرحمنؒ کی کامل مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے مولانا نذر الرحمنؒ کے پسماندگان سے اظہارِ تعزیت اور صبرِ جمیل کی دعا کی۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے امیر تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمٰن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان، تبلیغی جماعت کے اکابرین اور ان کے وابستگان سے دلی تعزیت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا نذر الرحمٰن نے دعوت و تبلیغ، اصلاحِ معاشرہ اور لوگوں کو دینِ اسلام سے وابستہ کرنے کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی دینی و دعوتی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ اہلِ خانہ، رفقاء اور عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔