اسلام آباد:بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے جیل میں ملاقات کے بعد پہلے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے پارٹی کی قانونی ونگ ’انصاف لائرز فورم‘ کی قیادت میں تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔بانی پی ٹی آئی کے حکم پر انصاف لائرز فورم کی قیادت کو ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ انتظار پنجوتھہ کی جگہ نیاز اللہ کو انصاف لائرز فورم کا نیا کنوینئر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے انتظار پنجوتھہ نے بانی پی ٹی آئی کے حکم پر اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نیاز اللہ کو اس نئی ذمہ داری پر خوش آمدید کہتے ہیں اور بطور پارٹی ورکر ہمیشہ ان کی معاونت کے لیے موجود رہیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل حکام نے عمران خان اور بشریٰ بی بی سے وکلا سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی ملاقات کروا دی۔ ملاقات 3 گھنٹے سے زائد تک کانفرنس روم میں جاری رہی۔لطیف کھوسہ نےمیڈیاسے گفتگو میں بتایا تھا کہ عمران خان سے سیر حاصل گفتگو ہوئی اور اس موقع پر بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے ان کی زیرِ سماعت اپیلوں کے حوالے سے قانونی مشاورت کی گئی، جبکہ 28ویں آئینی ترمیم پر بھی بات چیت ہوئی۔





