Roze News

یورپی ممالک کی درجنوں پروازوں کو بم کی جھوٹی دھمکیاں موصول، فضائی سفر شدید متاثر

فضائی سفر

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

برسلز: یورپ کے مختلف ممالک میں درجنوں مسافر پروازوں کو بم کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد فضائی سفر کا نظام شدید متاثر ہوگیا۔ایک دن میں 30 پروازیں دھمکیوں کی زد میں آئیں جس کے باعث بعض طیاروں کو ہنگامی طور پر دوسرے ہوائی اڈوں پر اتارنا پڑا جبکہ کئی پروازوں کو لڑاکا طیاروں نے حفاظتی حصار میں لیا، دھمکیاں پراگ، پیرس، روم، برسلز، میلان اور صوفیا جانے والی پروازوں کو موصول ہوئیں۔

فرانس میں ڈبلن سے روم جانے والی ایئر لنگس کی پرواز کو لڑاکا طیاروں نے روک کر ایک فوجی اڈے پر اتارا جبکہ بلغاریہ میں تین مسافر طیاروں کو لڑاکا طیاروں کی مدد سے بحفاظت زمین پر اتارا گیا۔پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں پیرس جانے والی ایل او ٹی کی پرواز کو ٹیک آف سے قبل روک دیا گیا جبکہ اسپین میں بھی متعدد پروازوں کی تلاشی لی گئی۔

حکام کے مطابق تاحال دھمکیوں کے پیچھے کسی ملک یا گروہ کے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی، ماہرین نے ان واقعات کو ممکنہ مربوط ہائبرڈ حملوں کا حصہ قرار دیا ہے۔یورپی ممالک ماضی میں روس پر تخریبی اور ہائبرڈ حملوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں، تاہم ماسکو ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔