Roze News

ڈیموکریٹک پارٹی کا صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کا احتساب، اختیارات محدود کرنے کا اعلان

ڈیموکریٹک پارٹی

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

واشنگٹن: امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کا احتساب کرنے اور ان کے اختیارات کو محدود کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس سے واشنگٹن میں آئندہ دو سال کے دوران سیاسی کشیدگی اور قانون سازی میں تعطل کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ڈیموکریٹس نے سینیٹ میں 54 نشستیں حاصل کرکے اکثریت حاصل کرلی، جبکہ ایوانِ نمائندگان میں بھی 30 نشستوں کا اضافہ کیا ہے، ڈیموکریٹک رہنما حکیم جیفریز نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کی ترجیحات میں عوام کو درپیش مہنگائی کے مسائل کا حل اور ٹرمپ انتظامیہ کا احتساب شامل ہوگا۔

انتخابی شکست کے بعد اپنے پہلے عوامی خطاب میں صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں زیر تعمیر نئے بال روم کا دورہ کرایا اور کہا وہ عمارت کو امریکا کی علامت کے طور پر بہترین بنانا چاہتے ہیں۔ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کے ساتھ تعاون کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر انہوں نے حکومت کے لئے مشکلات پیدا کیں تو وہ صدارتی ویٹو کا اختیار استعمال کریں گے۔

انتخابی نتائج میں ایران کے ساتھ جنگ، مہنگائی اور ٹرمپ کی معاشی پالیسیوں کو ریپبلکن پارٹی کی شکست کی اہم وجوہات قرار دیا جا رہا ہے، ٹیکساس میں ڈیموکریٹس نے 1988 کے بعد پہلی مرتبہ سینیٹ کی نشست جیتی جبکہ کنساس میں ایک صدی بعد ڈیموکریٹ سینیٹر منتخب ہوا۔

ادھر الاسکا اور مسی سپی میں سینیٹ کے نتائج کا اعلان ہونا باقی ہے، جس سے ڈیموکریٹس کی اکثریت مزید بڑھ کر 56 نشستوں تک پہنچنے کا امکان ہے۔جنوری میں نئی کانگریس کے اجلاس کے بعد ڈیموکریٹس ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف تحقیقات شروع کرنے، اہم قانون سازی میں شرائط عائد کرنے اور صدارتی نامزدگیوں کی منظوری روکنے کے اختیارات استعمال کرسکیں گے۔