اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی کے قانون میں ترمیم کی تیاری کرلی گئی، غیرملکی سستی اشیا سے مقامی صنعت کو بچانے کے لیے قانون مزید سخت کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔دستاویزات کےمطابق اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی کی وصولی یقینی بنانے کے لیے نئے اقدامات تجویز کیےگئے ہیں، ڈیوٹی کی رقم محفوظ رکھنے کےلیےبینک گارنٹی یا نقد رقم جمع کرانے کی سہولت دی جائےگی،غیرضروری ریفنڈ روکنے کے لیے رقم واپسی کی شرائط سخت کرنے کی تجویز ہے۔
دستاویزات کےمطابق خریدار پرڈیوٹی کا بوجھ منتقل ہونے سے متعلق کمیشن کےمطمئن ہونے پر ہی ریفنڈ دیاجاسکے گا،اس کے علاوہ اینٹی ڈمپنگ مقدمات میں اپیل کاعمل تیز کرنے اور ٹریبونل کو مقدمات جلد نمٹانے کے لیےمزید اختیارات دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
دستاویزات کےمطابق عارضی اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی زیادہ سے زیادہ چار ماہ کے لیے عائد کی جاسکے گی، ضرورت پڑنے پر اس میں مزید دو ماہ کی توسیع بھی ممکن ہوگی۔مجوزہ ترامیم کا مقصد تحقیقات میں تاخیر ختم کرنا، اینٹی ڈمپنگ قانون کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا اور مقامی صنعت کو غیر منصفانہ مقابلے سے تحفظ دینا ہے۔ قانون میں تبدیلیوں سے نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی بہتر بنانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔





