وزیر داخلہ محسن نقوی کی لائبہ اعجاز کے گھر آمد، متاثرہ خاندان کو فراڈ میں لوٹی گئی 50 لاکھ روپے سے زائد رقم واپس کردی گئی، والد نے وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا، ملزم نعمان کی پولیس حراست میں ہلاکت پر قانونی سوالات بھی برقرار
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مبینہ فراڈ کے بعد جان کی بازی ہارنے والی گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کے والد نے مرکزی ملزم محمد نعمان کی ہلاکت کے بعد کہا ہے کہ ان کی بیٹی کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ ہوا ہے اور انہیں انصاف ملنے کا احساس ہوا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کو کبھی نہیں بھول سکتے، تاہم مشکل وقت میں ریاست اور عوام کی حمایت نے انہیں حوصلہ دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بدھ کو اسلام آباد کے سیکٹر جی ٹین میں لائبہ اعجاز کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی۔





