فرانسیسی صدر نے غیر ملکی رہنماؤں کے بیانات کو احمقانہ اور ناقابل قبول قرار دے دیا، کہا مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز کی بنیاد پر فرانس کیخلاف جھوٹا بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے، ہمارے ملک کو اپنی انتخابی مہم کا حصہ نہ بنائیں
فرانس میں مہنگائی کیخلاف احتجاج کے دوران ہونے والے پرتشدد واقعات کو مسلمانوں اور تارکین وطن سے جوڑنے پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ فرانسیسی صدر نے غیر ملکی رہنماؤں کے بیانات کو ناقابل قبول اور احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بعض عالمی رہنما فرانس کے حالات کو اپنے سیاسی اور انتخابی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں اے ایف پی اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق صدر میکرون نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں حالیہ ہنگاموں کے بعد معلومات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد حتیٰ کہ غیر ملکی رہنماؤں نے بھی غیر ذمہ دارانہ بیانات دیے۔
میکرون نے اپنی گفتگو میں کسی رہنما کا نام نہیں لیا، تاہم جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ کیا ان کا اشارہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ان کا اشارہ ٹرمپ سمیت دیگر رہنماؤں کی طرف بھی ہے۔




