Roze News

ٹرمپ کا ہنگاموں کیلئے مسلمانوں کو ذمہ دار ٹھہرانا احمقانہ ہے: فرانسیسی صدر

فرانس میں ہنگاموں کا ذمہ دار مسلمانوں کو ٹھہرانے پر میکرون ٹرمپ اور نیتن یاہو پر برس پڑے

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

پیرس: فرانسیسی صدرایمانوئل میکرون نے امریکی صدر کو’احمق‘ قرار دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کردیا جس میں انہوں نے فرانس میں بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں اور فسادات کی وجہ مسلم تارکین وطن کو قرار دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 19 اکتوبر کو ایک متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ پیرس بہت جلد ایک مسلم شہر بن جائے گا، انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر یورپ نے اپنی سرحدیں بند نہ کیں اور مظاہروں میں شریک افراد سمیت جرائم پیشہ لوگوں کو باہر نہ نکالا تو یورپ ختم ہوجائے گا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف مکمل طور پر غلط بلکہ احمقانہ بھی ہے۔فرانسیسی صدر نے کہا کہ ان کے ملک میں ہونے والے واقعات کو تارکین وطن اور اسلام پسندوں کے حملے کے طور پر پیش کرنا حقیقت کے منافی ہے، انہوں نے امریکی رہنماؤں پر الزام لگایا کہ وہ فرانس کے حالات کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فرانس میں پیش آنے والے واقعات میں غیر ملکی مداخلت کے واضح شواہد نہیں ملے تاہم معلومات کو گمراہ کن انداز میں پھیلایا گیا، اس گمراہ کن معلومات کے نتیجے میں غیر ملکی رہنماؤں سمیت متعدد افراد کی جانب سے ناقابل قبول اور احمقانہ بیانات سامنے آئے۔