کراچی: پاکستان نے بھارت میں شیڈول اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کی اوور 50 کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے حکومتی اجازت نہ مل سکی۔ اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 23 جنوری سے 7 فروری 2027 تک حیدرآباد دکن میں شیڈول ہے۔
پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں ہونے والا اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا۔پاکستان کو دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کرنا تھی تاہم پاکستان نے بھارت میں شیڈول اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن فواد اعجاز خان کا کہنا ہے کہ بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں اور اعلیٰ سطح کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے شرکت کی اجازت طلب کی تھی، تاہم چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شرکت کی اجازت نہ دینے سے آگاہ کیا۔
چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، حکومتی اجازت نہ ملنے پر ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اپنے عالمی اعزاز کا دفاع نہ کر پانے پر افسوس ہے، ورلڈ کپ کے منتظمین اور شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔





