نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور اسلام آباد ڈائگناسٹک سنٹر (آئی ڈی سی) کے درمیان این پی سی ممبران اور اسٹاف ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے باہمی معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت نیشنل پریس کلب کے ممبران، اسٹاف ممبران ان کی فیملیزاوروالدین ملک بھر میں آئی ڈی سی کی 180 سے زائد برانچز پر مختلف تشخیصی و طبی ٹیسٹوں کی سہولیات سے خصوصی رعایتی نرخوں پر استفادہ کرسکیں گے۔
معاہدے کے مطابق رعایتی سہولت حاصل کرنے کے لیے این پی سی ممبر کو اپنا نیشنل پریس کلب کارڈ یا نیشنل پریس کلب کی جانب سے جاری کردہ تصدیقی لیٹر پیش کرنا ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد صحافی برادری اور نیشنل پریس کلب کے اسٹاف کو معیاری تشخیصی سہولیات تک آسان اور کم لاگت رسائی فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال اور سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے معاہدے کو ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایک اہم فلاحی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب صحافیوں اور اپنے اسٹاف کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ معروف طبی اداروں کے ساتھ ایسے معاہدوں سے ممبران کو صحت کی معیاری سہولیات کے حصول میں سہولت ملے گی۔انہوں نے اسلام آباد ڈائگناسٹک سنٹر (Iآئی ڈی سی) کی جانب سے نیشنل پریس کلب کے ممبران اور اسٹاف کے لیے خصوصی رعایت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعاون مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔

Leave feedback about this