محکمہ موسمیات نے 4 اور 5 ستمبر کو مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کی 4 اور 5 ستمبر کو مزید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ، ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی ہے۔
ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصرکی جانب سے کہاگیاہے کہ شہری اپنے بچوں کا خاص خیال رکھیں،انہیں بارش کے دوران گھروں سے ہرگز باہر نہ جانے دیں،نالہ لئی کے اطراف میں رہنے والے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں،نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے محکمہ واسا مکمل طور پر الرٹ ہے، واسا، ریسکیو1122، سول ڈیفنس سمیت تمام ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔
لاہور کا مطلع آج صاف ہےلیکن محکمہ موسمیات کی جانب سے آج شام کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی ہے،شہر میں10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواچل رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے 5 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں مطلع جزوی ابرآلود اور مرطوب رہے گا،شہرمیں آج چند مقامات پر بوندا باندی ہو سکتی ہے، درجہ حرارت 33ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری ریکارڈ ہوا،شہر میں جنوب مغرب سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ گرفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 77فیصد ہے جبکہ شہر کا فضائی معیار تسلی بخش قراردیاگیاہے اورہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار سو پرٹیکولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈکی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہو گی،دن بھر مطلع جزوی طور ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور بالائی کے پی کے میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی،گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابرآلود رہے گااور بعض مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
وفاقی دارالحکومت کے درجہ حرارت میں گزشتہ روز کی نسبت 2 ڈگری اضافہ ریکارڈکیاگیاہے،صبح کے اوقات میں شہر اقتدار کا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیاجبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،اسلام آباد میں دن بھر 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد سے زائد ریکارڈکیاگیاہے۔

Leave feedback about this