ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی سرگرمیاں آج بھی برقرار رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق 5 ستمبر تک بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، تاہم 6 ستمبر سے مون سون کی سرگرمیوں میں کمی آنا شروع ہوجائے گی، آج بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور دریاؤں کے بالائی کیچ منٹس میں کہیں کہیں شدید سے بہت شدید بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے،خیبر پختونخوا کے مختلف ندی نالوں اور دریائے کابل سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب میں اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، جہلم، خوشاب، لاہور، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، نارووال، راولپنڈی، سرگودھا، شیخوپورہ اور سیالکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے ایبٹ آباد، باجوڑ، بونیر، چارسدہ، مانسہرہ، مردان، نوشہرہ، پشاور، سوات اور دیر سمیت متعدد علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے سندھ، جہلم، چناب اور راوی کے بہاؤ میں آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران معمولی اضافے کا امکان ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تربیلا ڈیم اس وقت زیادہ سے زیادہ حفاظتی سطح پر ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ تقریباً 78 فیصد ہے، دریائے سندھ کے بعض مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دیگر بڑے دریاؤں میں بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں میں احتیاط اور ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی سرکاری ویب سائٹ پر روزانہ کی بنیاد پر موسم کی پیشگوئی اور الرٹس جاری کیے جارہے ہیں۔

Leave feedback about this