چوٹیوں پر ڈیجیٹل انقلاب! شمالی پہاڑوں میں ہائی الٹیٹیوٹ ٹاورز نصب، دورافتادہ علاقوں میں نیٹ ورک کی تاریخ رقم
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے دور افتادہ اور دشوار گزار پہاڑی سلسلوں میں ڈیجیٹل دور کی نئی تاریخ رقم ہوگئی ہے۔ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے خطے کے نایاب اور ناقابل رسائی علاقوں میں ہائی الٹیٹیوٹ ٹاورز نصب کر کے مواصلاتی نظام کو نئے عروج پر پہنچا دیا ہے۔
ایس سی او کا جدید نیٹ ورک گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نجی کمپنیوں کی غیر دلچسپی کے باوجود، ایس سی او نے دور افتادہ علاقوں میں 4G اور 5G نیٹ ورک کی فراہمی یقینی بنائی، جس سے مقامی لوگوں کے لیے تعلیم، روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
ڈیجیٹل دور کے منصوبے ’’نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس)‘‘کے فیز 4 کے تحت 4G اور 5G نیٹ ورک کی تنصیب کے بعد شمالی علاقوں میں ڈیٹا اسپیڈ اور سروس کوالٹی میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ جدید فائبر آپٹک اور بیک ہال نیٹ ورک نے مقامی کمیونٹی کو عالمی ڈیجیٹل نظام سے جوڑ دیا ہے، جس سے نوجوان اپنے دیہی اور پہاڑی علاقوں میں بھی آن لائن تعلیم اور فری لانسنگ کے ذریعے روزگار کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔
ایس سی او کی یہ سرمایہ کاری عوامی ضرورت اور ریاستی ذمہ داری کی عکاسی کرتی ہے، اور اس سے مقامی معیشت، ای کامرس اور کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ ہائی الٹیٹیوٹ ٹاورز کی تنصیب نہ صرف مواصلاتی تاریخ میں ایک سنگ میل ہے بلکہ شمالی پاکستان میں جدید رابطے کے امکانات کو فروغ دینے میں بھی ایک مثال قائم کرتی ہے
یہ اقدام شمالی علاقہ جات کے نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل تعلیم اور آن لائن کاروبار کے دروازے کھولنے کے ساتھ ساتھ ملک کے مجموعی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنے میں بھی اہم ثابت ہوگا۔

Leave feedback about this