Roze News

اسلام آباد کو ملک کا پہلا ہیپاٹائٹس سی فری شہر بنانے کے لیے جنوری میں بڑے پیمانے پر اسکریننگ مہم شروع ہوگی

ہیپاٹائٹس سی فری

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

اسلام آباد:وزیراعظم کے ٹاسک فورس برائے خاتمہ ہیپاٹائٹس سی کے رکن پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے جمعرات کو کونسل کے ہیڈکوارٹرز میں اسلام آباد کی مختلف جامعات اور میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے سربراہان کو وفاقی دارالحکومت میں ہیپاٹائٹس سی کی بڑے پیمانے پر اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج کی مجوزہ مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران مہم کے مقاصد، دائرہ کار اور عملدرآمد کی حکمت عملی پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ بتایا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا اقدام شروع کیا ہے اور وہ اس قومی پروگرام میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، جبکہ اس مقصد کے لیے ضروری فنڈز اور وسائل کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کے نیشنل پروگرام برائے خاتمہ ہیپاٹائٹس سی انفیکشن کے تحت شروع کی جانے والی اس مہم کا مقصد اسلام آباد کو ملک کا پہلا ہیپاٹائٹس سی فری ماڈل شہر بنانا ہے۔ مہم کے دوران 12 سال اور اس سے زائد عمر کے تقریباً 17 لاکھ شہریوں کی اسکریننگ کی جائے گی، جن میں سے تقریباً 46 فیصد شہری جبکہ 54 فیصد دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔اس مہم میں اسلام آباد کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز سے تقریباً 9,000 میڈیکل اور نرسنگ طلبہ اپنے متعلقہ فیکلٹی ممبران کی نگرانی میں رضاکارانہ خدمات انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ وزارت صحت اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے 100 اہلکاروں سمیت مقامی منتخب نمائندوں کے ذریعے متحرک کیے جانے والے رضاکار بھی اس مہم کا حصہ ہوں گے۔اسکریننگ کے لیے 4,500 دو رکنی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جن میں ایک رکن اسکریننگ ٹیسٹ جبکہ دوسرا ڈیٹا انٹری کی ذمہ داریاں انجام دے گا۔ یہ ٹیمیں اسلام آباد کے تمام سیکٹرز اور یونین کونسلز میں گھر گھر جا کر اسکریننگ کریں گی، جبکہ گھروں، اسکولوں، جامعات، مدارس، دفاتر اور مارکیٹوں کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے گا۔

شہریوں کی اسکریننگ انگلی سے خون کا معمولی نمونہ لے کر کی جائے گی، جو بلڈ شوگر ٹیسٹ کے طریقہ کار سے مشابہ ہوگا۔ حاصل کردہ معلومات نادرا کے تیار کردہ الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر محفوظ کی جائیں گی۔ ابتدائی ٹیسٹ میں مثبت آنے والے افراد کو قریبی مراکز یا صحت کی سہولیات پر بھیجا جائے گا، جہاں PCR ٹیسٹ کے ذریعے تشخیص کی تصدیق کے لیے خون کے نمونے حاصل کیے جائیں گے۔ جگر کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے APRI اسکور بھی مرتب کیا جائے گا۔اس قومی اقدام کے لیے مصر کے تجربے سے استفادہ کیا جا رہا ہے، جہاں اسی نوعیت کی بڑے پیمانے پر اسکریننگ اور علاج کی مہم کے نتیجے میں تقریباً چھ سال کے عرصے میں ملک بھر سے ہیپاٹائٹس سی کا خاتمہ ممکن ہوا۔

اجلاس میں شریک تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے اس اقدام کو سراہا اور مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اسلام آباد میں کامیاب عملدرآمد کے بعد اس ماڈل کو ملک کے دیگر شہروں اور پھر پورے پاکستان میں وسعت دینے کا منصوبہ ہے۔صدر PM&DC پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے وزیراعظم پاکستان کے اس اہم قومی اقدام کے لیے کونسل کی جانب سے مکمل تعاون اور معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہم میں حصہ لینے والے طلبہ اور فیکلٹی ممبران کی خدمات کے اعتراف اور حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔