ویب ڈیسک: ریاست جوناگڑھ کے پاکستان سے الحاق اور بعد ازاں بھارتی فوجی قبضے کو 79 برس گزر گئے، تاہم یہ معاملہ آج بھی تقسیمِ ہند کے حل طلب تنازعات میں شامل ہے۔ جوناگڑھ میں 9 نومبر کو یومِ آزادی (مکتی دیوس) منایا جاتا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق 1947ء میں نوابِ جوناگڑھ نے قانونی طور پر پاکستان کے ساتھ الحاق کی دستاویز پر دستخط کیے تھے، جسے قائداعظم محمد علی جناح نے قبول کر لیا تھا۔ انڈین انڈیپینڈنس ایکٹ 1947ء کے تحت ریاستوں کے حکمرانوں کو الحاق کا فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل تھا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت نے جوناگڑھ کے پاکستان سے الحاق کو مسترد کرتے ہوئے معاشی ناکہ بندی اور فوجی دباؤ کا راستہ اختیار کیا، جبکہ بھارتی فوج کی پیش قدمی کے بعد نوابِ جوناگڑھ کو ریاست چھوڑنا پڑی۔فروری 1948ء میں بھارت نے یکطرفہ طور پر استصوابِ رائے کرایا اور اس کے نتائج کی بنیاد پر جوناگڑھ کو بھارت میں ضم کر لیا، تاہم پاکستان نے اس اقدام کو تسلیم نہیں کیا اور 1948ء میں معاملہ اقوامِ متحدہ میں اٹھایا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق بھارت نے کشمیر میں مہاراجہ ہری سنگھ کے الحاق کو تسلیم کیا، لیکن جوناگڑھ کے نواب کے پاکستان سے الحاق کے فیصلے کو قبول نہیں کیا، جسے دوہرے معیار کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔79 برس گزرنے کے باوجود پاکستان جوناگڑھ کے قانونی الحاق کے اپنے مؤقف پر قائم ہے، جبکہ کراچی میں مقیم نوابِ جوناگڑھ کے ورثا بھی ریاست کے حقوق کی بحالی اور انصاف کے منتظر ہیں۔





