یہ ذاتی معاملہ ہے، ذرائع ابلاغ اور مبصرین سے گزارش ہے اس پر قیاس آرائیوں سے گریز کریں؛ وکیل خدیجہ صدیقی کی ایکس پوسٹ
پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید خان نے اپنے شوہر عتیق سے علیحدگی کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہور کی فیملی کورٹ میں خلع کا دعویٰ دائر کردیا، اس خبر کی تصدیق ان کی قانونی ٹیم کی رکن اور معروف قانون دان بیرسٹر خدیجہ صدیقی نے اپنے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید خان نے اپنے شوہر عتیق کے ساتھ ازدواجی تعلقات ختم کرنے کے لیے فیملی عدالت کا رخ کیا ہے، انہوں نے اپنے وکلاء کے توسط سے خلع کی ڈگری جاری کرنے کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کی ہے، عدالت نے ابتدائی نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ کی تاریخ پر طلب کرنے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
صنم جاوید کی وکیل خدیجہ صدیقی نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر اس پیشرفت کی تصدیق کی، اس فیصلے کے حوالے سے انہوں نے قانونی مؤقف اور صورتحال سے آگاہ کیا اور لکھا کہ ہم نے صنم جاوید خان کی جانب سے عدالت میں خلع کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔
بیرسٹر خدیجہ صدیقی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ صنم جاوید کا بالکل نجی اور ذاتی خاندانی معاملہ ہے، انہوں نے تمام الیکٹرانک و ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ، صحافیوں اور سوشل میڈیا مبصرین سے پرزور گزارش کی کہ وہ اس معاملے پر بلاوجہ کی قیاس آرائیوں، ذاتی تبصروں اور غیر تصدیق شدہ خبروں سے مکمل گریز کریں تاکہ ان کی پرائیویسی متاثر نہ ہو۔
خیال رہے کہ صنم جاوید خان 9 مئی کے واقعات کے بعد درج ہونے والے متعدد مقدمات میں گرفتاریوں، جیل کی صعوبتوں اور طویل قانونی جنگ کا سامنا کر رہی ہیں، جس کے باعث وہ ملکی میڈیا اور سیاسی حلقوں کی توجہ کا مرکز رہی ہیں، مسلسل سیاسی اور قانونی دباؤ کے بعد ان کی ذاتی زندگی میں اس نئی تبدیلی نے ان کے خیر خواہوں اور اہل خانہ میں تشویش پیدا کی ہے۔





