ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کا سب سے بڑا اسپانسرڈ ہے۔ افغان طالبان رجیم بھی بھارت کی پراکسی ہے۔ افغانستان کو اب بھی غیر ریاستی عناصر چلارہے ہیں۔رائٹرز کو انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دہشتگرد تنظیمیں کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے پاکستان کے خلاف بھارتی پراکسی ہیں، افغانستان کو اب بھی غیر ریاستی عناصر چلارہے ہیں، افغان طالبان رجیم کی عالمی سطح پر کوئی ساکھ نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دنیا افغان رجیم کو نارمل ریاست والا رویہ اختیار کرنے پر مجبور کرے، طالبان رجیم پاکستان کے اندر دہشتگردوں کی حمایت کرنا بند کرے اگر طالبان رجیم دہشتگردی کے حوالے سے ہماری بات نہیں مانتی تو اسے سنگین قیمت چکانا پڑے گی۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ طالبان رجیم اپنے مذموم مقاصد کیلئے غیرریاستی عناصر کو استعمال کرتی ہے، افغانستان میں متعدد ایجنسیوں اور پراکسیز نے اپنی جڑیں مضبوط کرلیں، بین الاقوامی دہشتگرد تنظیمیں بھی افغانستان میں موجود ہیں، اس بات کی نشاندہی اقوام متحدہ،امریکا سمیت کئی ممالک کرچکے ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افغان طالبان رجیم نے نورولی خارجی، بشیرزیب، گل بہادر جیسے دہشت گردوں کو پناہ دے رکھی ہے، پاکستان میں دہشت گردی کیلئے تشکیلیں افغانستان سے آتی ہیں اور وہیں سے انہیں اسلحہ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی افواج افغانستان ریجیم کی طرف سے تمام خطرات بشمول ڈرونز کا سدباب کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔





